کراچی کوتباہ کرنیوالی پارٹیوں میں پھر جان ڈالی جارہی ہے، حافظ نعیم

584
added life

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ذاتی مقاصد اور سیاسی مفادات کے لیے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ اداروں کو بھی سوچنا چاہیئے کہ ایسی پارٹیوں میں کیوں دوبارہ جان ڈال رہے ہیں جنہوں نے پہلے بھی کراچی کو سیاسی و معاشی بدحالی اور تباہی و بربادی سے دوچار کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ شہر کو دہشت گردی ، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا تحفہ دینے والے پھر وہی زبان استعمال کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل منعم ظفر خان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے حوالے سے ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ اس کا لائسنس منسوخ اور مزید توسیع ہر گز نہ کی جائے ، اسے قومی تحویل میں لے کر 18سال کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔ بجلی کی ترسیل کے لیے دیگر کمپنیوں کو مدعو کیا جائے ، کلاء بیک کی مد میں اہل کراچی کی 50ارب سے زائد رقم واپس دلوائی جائے ۔ اورنگی میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث زیر تربیت پولیس افسر کو قرار واقعی سزا اور پولیس میں موجود لوٹ مار اور کرپشن کے پورے نظام اور کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ سیف سٹی پروجیکٹ پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود جرائم میں اضافہ محکمہ پولیس کی نا اہلی اور ناکامی کے سواکچھ نہیں ۔فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے انتہائی افسوسناک واقع کی تحقیقات ، جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو معاوضہ اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کرایا جائے ۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کو صاف شفاف کرانے کے لیے چاروں صوبوں کے گورنروں کو برطرف اور عدلیہ سے آر اوز اور ڈ ی آر اوز مقرر کیے جائیں ۔ جماعت اسلامی حماس کے مجاہدین اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی جاری رکھے گی ۔ عوام فلسطین ریلیف فنڈ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور پاکستانی مصنوعات کو فروغ دیں ۔ 29نومبر کو شاہراہ قائدین پر یکجہتی فلسطین کمیٹی کے تحت فلسطین ریلی کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ اس میں شریک بھی ہوں گے ۔

ان کاکہنا تھا کہ پی سی بی کے چیئر مین ذکا اشرف کی طرف سے اعظم خان کے خلاف جرمانے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، ذکا اشرف نے اسرائیل کے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے ۔ ملک اور قوم کے وقار کو مجروح اور حماس کے کاز کو نقصان پہنچایا ہے انہیں برطرف کیا جائے ۔دنیا کے دیگر ممالک میں فٹبالر فلسطینی رومال پہن کر میدان میں آرہے ہیں ، اعظم خان اپنے بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا کیوں نہیں لگا سکتے ؟ ۔

علاو ہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید کے لیے اسلام آباد میں ہونے والی نیپرا کی سماعت میں آن لائن شرکت کی اور لائسنس تجدید نہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سماعت میں جماعت اسلامی کی جانب سے پبلک ایڈ کمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے انچارج عمران شاہد نے بھی شرکت کی ۔