کوئلے کے خزانے ہمارے، پشتون کیلئے صرف مزدوری رہ گئی، نواب ایاز جوگیزئی

646
Coal treasures

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ ہمارے کوئلے کے خزانوں سے دیگر سرمایہ دار بن گئے ہیں اور ہمارے لیئے صرف محنت اور مزدوری چھوڑ دی گئی ہے۔

نواب ایاز خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ جب وقت پر فیصلے نہیں ہوتے تو اس کے اثرات اچھے نہیں رہتے، ظالم کے خلاف خداوند کریم پیغمبر بھیجتے رہے ہیں، پشتون قومی رشتے کو پارٹی نے نبھایا ہے اور ہم فکر کے رشتے سے منسلک ہیں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر کے زیر اہتمام تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جمہوری اور فکری تعلقات کو فروغ دینا پارٹی کے کارکنوں کی ذمہ داری ہے ،پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع کے دورے سے گہرے ، نہایت مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہورہے ہے ، ہماری سرزمین کے قدرتی خزانوں پر قبضے جاری ہیں ۔پشتون قومی حقوق کیلئے اپنی قومی پارٹی کو منظم کرنا ہوگا ، آج ہم سندھ پنجاب میں محفوظ نہیں، پشتون پورے ملک میں سرومال کے خطرے سے دوچار ہیں۔

جوگیزئی کا مزید کہنا تھا کہ جہاں جہاں ہمارے قدرتی خزانے (معدنیات) ہیں اس کے بارے میں دہشت گردی کا واویلا مچاتے ہیں اور پھر ایف سی لاکر بٹھا دی جاتی ہے جو کہ معدنی خزانوں کے قبضے کا نیا طریقہ بنایا گیا ہے ۔ ہم کیا کر رہے ہیں ،ہم عوام اکٹھا کرنے میں لگے ہیں ہمارے کوئلے کے خزانوں سے دیگر سرمایہ دار بن گئے ہیں اور ہمارے لیئے صرف محنت اور مزدوری چھوڑ دی گئی ہے ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں حق اور باطل کو نہیں پہچان پاتی تو وہ تباہ ہوجاتی ہے ۔