شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر بس کھائی میں جاگری، طالبعلم جاں بحق، کئی زخمی

839

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے قریب شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر بس کھائی میں گرنے سے طالب علم جاں بحق ہوگیا جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق شیخوپورہ سے اسکول کے بچے بذریعہ بس اسلام آباد شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر پہنچے تھے کہ بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور کھائی کے کنارے پر بس روک کر اتر گیا تھا، جس پر بس ڈھلوان جگہ ہونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی اور کھائی میں جاگری۔

 

حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی محکموں کی ٹیمیں شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر پہنچیں جہاں سے بچوں کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں کے مطابق بس کے کھائی میں گرنے کی وجہ سے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا جب کہ تقریباً 15 دیگر طلبہ زخمی ہیں۔

بس کے ذریعے پکنک منانے ے لیے شاہدرہ پہنچنے والے بچوں کی تعداد 39 تھی۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق بس کا ڈرائیور ریاض موقع سے فرار ہوگیا۔