اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے پولیس ٹیم کے سوالوں کا جواب دینے سے انکار کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات پر حضرو (اٹک) میں درج ایف آئی آر کی تحقیقات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل آنے والی پولیس ٹیم نے عمران خان سے سوالات کیے، جس پر انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا۔
سابق وزیراعظم نے تفتیش کے سلسلے میں پولیس کے سوالات پر اصرار کیا کہ وہ وکلا سے مشاورت یا ان کی موجودگی میں جواب دیں گے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پولیس نے تفتیش کی اور سوالات کا جواب لینے کے بعد پولیس ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کی پولیس ٹیمیں بھی 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کر چکی ہیں۔