اسلام آباد:سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں فرد جرم کے خلاف اپیل پر سماعت ملتوی کر دی۔
بدھ کے روز سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں فرد جرم کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس کے دوران عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل حامد خان عدالت عظمی میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت حامد خان کی جانب سے کہا گیا کہ منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا ہے جس کی روشنی میں درخواست میں ترمیم کرنا چاہتا ہوں۔
حامد خان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ اپیل کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے حامد خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے بغیر کارروائی کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت پر مشتمل دو رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل اورجج تعیناتی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل منظور کر تے ہوئے جیل ٹرائل کا 29اگست کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔