عمران خان نے پیر مریدی کی آڑ میں ہمارا گھر برباد کردیا، خاور مانیکا

516

اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پیر مریدی کی آڑ میں ہمارا گھر برباد کردیا۔

خاور مانیکا نے کہا کہ عمران خان میری مرضی کے بغیر میرے گھر آتا تھا، پنکی کی اس سے ملاقاتوں پر میں ناراض تھا، ایک بار عمران میرے گھر آیا تو میں نے نوکر کی مدد سے اسے گھر سے نکلوا دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران بشری کی بہن مریم وٹو نے بشری کی ملاقات عمران خان سے کرائی، ہماری شادی 28 سال چلی، ہماری بہت خوشگوار زندگی تھی لیکن عمران نے پیر مریدی کی آڑ میں ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ میری والدہ کہتی تھیں کہ عمران خان اچھا آدمی نہیں، اسے گھر میں نہ آنے دیا کرو، رات کے وقت دونوں کی فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگیں، فرح گوگی نے عمران کے کہنے پر انھیں خفیہ فون نمبر فراہم کیے، ان کی موبائل فون پر چھپ کر باتیں ہونے لگیں۔

خاور مانیکا نے کہا کہ میں بشری کے پاس گیا اور اس سے پوچھا کہ کیا تم طلاق چاہتی ہو؟ اس نے سر جھکا لیا اور کوئی جواب نہیں دیا، میں نے 14 نومبر 2017 کو طلاق نامہ فرح گوگی کے ہاتھ بشری بی بی کو بھجوایا، بعد میں فرح گوگی نے فون کر کے کہا کہ طلاق کی تاریخ تبدیل کردیں، ذلفی اور فرح کے فون آئے کہ عمران نے وزیراعظم بننا ہے، آپ خاموش رہیں۔سابق شوہر کا کہنا تھا کہ میں نے پنکی کو طلاق 14 نومبر 2017 کو دی، اس کے ڈیڑھ ماہ بعد ہی اس نے عمران خان سے شادی کر لی، اس شادی کا مجھے اور میرے بچوں کو علم ہی نہیں تھا اس لیے جب شادی کی خبر  میڈیا بریک ہوئی تو اس کی تردید کی تھی۔