ورلڈ کپ فائنل: آسٹریلیا کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

605

احمد آباد: ورلڈ کپ فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ میچ احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کربولینگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے ، جن میں زیادہ تر بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور کئی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔

ٹاس کے موقع گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

آئی سی سی نے موجودہ ولڈکپ کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2003ء کے ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا جو کہ آسٹریلیا نے با آسانی جیت لیا تھا۔