لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ غزہ معاملے پر مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق والا ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، خانہ کعبہ و مسجد نبوی کے بعد بیت المقدس مسلمانوں کے لئے مقدس ترین مقام ہے۔
غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسے اسرائیل جیسی باطل شیطانی ریاست کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، فلسطینیوں نے غلیلوں سے اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ کیا، اسرائیل اسپتالوں اور سکولوں پر بمباری کررہا ہے۔یورپ میں ہوئے مظاہروں نے حکومتوں کو موقف بدلنے پر مجبور کیا ہے، غزہ میں ایک کربلا برپا ہے، چھوٹی سی بستی پر بم برس رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو سامراجی قوتوں نے مل کر بنایا، فلسطینیوں نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، لوگ پوچھتے ہیں ان جلسوں سے کیا بنے گا؟ آج کا مجمع دشمن کو پیغام دے رہا ہے فلسطینی اکیلے نہیں، لاہور نے ثابت کر دیا کہ یہ لاکھوں لوگ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، غزہ کے لوگوں کو بچانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمارا یقین تھا او آئی سی غزہ کے معاملے پر کوئی عملی لائحہ عمل دے گا، افسوس او آئی سی نے صرف بے اثر قرارداد منظور کی، قراردادیں اس وقت تک بیکار ہیں جب تک امت جہاد کا راستہ اختیار نہیں کرتی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل کو سامراجی قوتوں نے مل کر بنایا، فلسطینی پتھروں اور غلیلوں سے اسرائیلی بارود کا مقابلہ کر رہے ہیں، دنیا بھر کے مہذب معاشرے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر رہے ہیں۔