کراچی: شہر قائد میں فضائی آلودگی کی صورت حال بدترین ہوتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے آج کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا۔
ماہرین کے مطابق ہفتے کے روز عروس البلاد کا ائرکوالٹی انڈیکس 239 ریکارڈ ہوا جب کہ شہر کے شمال مغرب سے کم رفتار سے ہواؤں کا چلنا بھی جاری ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ اور فضائی آلودگی بڑھنے کے نتیجے میں اسموگ بھی رہی۔
ائرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کے بعد نئی دہلی فضائی آلودگی کی بدترین صورت حال میں دوسرے نمبر پر ہے، جس کا ائرکوالٹی انڈیکس 196 ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر لاہور ہے، جہاں ائرکوالٹی انڈیکس 191 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فضائی آلودگی پر کنٹرول کے لیے پنجاب کی نگراں حکومت نے آج صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں ایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا، اس دوران تعلیمی ادارے بند جب کہ آمد و رفت اور مارکیٹوں کے اوقات محدود کیے گئے تھے۔