توشہ خانہ نیب کیس: عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر بحالی کا تحریری فیصلہ جاری

308

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب کیس میں درخواستِ ضمانت پر بحالی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست عدم حاضری پر خارج ہونے کو چیلنج کیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق نیب نے فیصلے کے خلاف 10دن کی مقررہ مدت میں نظرِ ثانی پٹیشن دائر نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا، عدالتی نوٹس پر وزارت قانون نے بتایا کہ نظرِ ثانی پٹیشن دائر کرنے کے لیے وقت کی کوئی قید نہیں۔ عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ تسلیم شدہ ہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اس کیس میں گرفتار نہیں کیا۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ سے عدم حاضری دانستہ نہیں تھی۔ احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت زیرِ التوا تصور ہو گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ احتساب عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔