راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی۔
لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے پرویز الہٰی کی جیل میں بی کلاس دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی۔
وکیل سردار عبدالرازق خان نے عدالت کو دورانِ سماعت بتایا کہ پرویز الٰہی کو جیل میں بی کلاس کی سہولتیں فراہم کر دی گئیں۔عدالت نے کہا کہ پرویز الٰہی کو گھر کا کھانا اور ہفتے میں 2 دن اہلِ خانہ سے ملاقات کرنے کی اجازت ہو گی۔
بعد ازاں عدالت نے عمل درآمد کی رپورٹ ملنے پر پرویز الٰہی کی درخواست نمٹا دی۔یاد رہے کہ جسٹس صداقت علی کی جانب سے پرویز الٰہی کو گھر کے کھانے سمیت بی کلاس کی سہولتیں دینے کا حکم دیا گیا تھا۔