لاہور :نئے پاسپورٹ کے حصول یا پرانے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقررہ مدت گزرنے کے 2، 2 ماہ بعد بھی درخواست دہندگان کو پاسپورٹ نہ مل سکے جس کے باعث درخواست دہندگان کو شدید پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کے عمرہ پر جانے کے پروگرام بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔
محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کے مطابق اب تک لاکھوں درخواست دہندگان کے پاسپورٹس کی تیاری تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ پیپر کی عدم دستیابی رہی ہے جو بروقت درآمد نہ کیا جاسکا۔
محکمے کی جانب سے درخواست دہندگان کو مناسب رہنمائی بھی نہیں دی گئی جس کے باعث بہت سے درخواست دہندگان ایجنٹوں کے ہاتھوں نقصان بھی اٹھا چکے ہیں جب کہ محکمہ تاحال درخواست دہندگان کو پاسپورٹ فراہم کرنے کی حتمی تاریخ دینے سے قاصر ہے اور صرف یہی کہا جارہا ہے پاسپورٹ بننے پر درخواست دہندگان کو میسج آجائے گا۔