مسجد اقصی میں فلسطینیوں کا داخلہ بند، اطراف میں نماز جمعہ کی ادائیگی

442

  بیت المقدس:اسرائیلی جارحیت کے باعث مسجد اقصی نماز جمعہ کے وقت خالی رہ گئی، نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو صہیونی فوجیوں نے مسجد اقصی میں داخل نہ ہونے دیا، جس کی وجہ سے فلسطینیوں نے نماز جمعہ مسجد اقصی کے اطراف میں بڑی مشکل سے ادا کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصی کے گرد و نواح  میں اپنی پابندیوں کو جاری رکھتے ہوئے فلسطینیوں  کو گزشتہ ہفتوں کی طرح اس ہفتے بھی مسجد اقصی میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک کر تشدد کا نشانہ بنایا، جب فلسطینی نماز جمعہ ادا کررہے تھے تو اسرائیلیوں  نے مسلمانوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، جس کی وجہ سے فلسطینیوں کو نماز جمعہ ادا کرنے میں کافی دشواری کا سامنا رہا۔

اسرائیلی پولیس نے آہنی رکاوٹوں کے ساتھ سخت حفاظتی اقدامات کرتے  ہوئے صبح کے اوقات سے ہی فلسطینیوں کو  مسجد اقصی میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی، فلسطینی نواجوانوں کو زدکوب کر کے پکڑ کر لے گئے۔

اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصی کے قریب واقع ضلع وادی الجوز میں فلسطینی نوجوانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے   آنسو گیس کے ساتھ ساتھ واٹر کینن کی مدد سے  بدبودار پانی کا پریشر چھوڑا۔