نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

310
workers

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدلیہ کے خلاف تقاریر کرنے پر 5 سال قبل (2018ء میں ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے خارج کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عدم پیروی کی بنیاد پر نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پانچ برس قبل نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست شہری عدنان اقبال کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں نواز شریف کے خلاف 2018ء کے بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔