الزامات کے بجائے ملکی مسائل مل کر ٹھیک کرنا ہونگے، شہباز شریف

163
downtrodden

کوئٹہ: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے بجائے مل کر ملک کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔

بلوچستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کے گزشتہ دنوں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، ہم نے 16 ماہ تک ایک ساتھ کام کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہمیں الزامات لگانے کی روش چھوڑ کر سنجیدہ سیاست کرنی ہوگی۔

قبل ازیں انہوں نے اسلم خان رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، جس پر انہوں نے جلد فیصلہ کرکے آگاہ کرنے کا وعدہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی شخصیات اور اسٹیک ہولڈرز کو ماضی سے سیکھنا چاہیے۔ ملک کو درپیش معاشی، معاشرتی اور سیاسی مسائل کو مل جل کر ٹھیک کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ملک کی ترقی و خوشحالی ہی سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ جوہری قوت کے باوجود گزشتہ 75 سال سے پاکستان کے ساتھ برا حشر کیا گیا۔ ہمیں اس حالت کو درست کرنا پڑے گا۔