کراچی: شہر قائد میں 2 ماہ کے دوران 24 غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کو سیل اور 163 کو منہدم کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
سیکٹر کمانڈر رینجرز بریگیڈئر کبیر احمد کے مطابق کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن 17 ستمبر سے جاری ہے، جس میں اب تک مجموعی طور پر 93 کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور اس دوران 187 میں سے 24 ہائیڈرنٹس کو سیل کردیا گیا ہے جب کہ 163 کو منہدم کرکے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی چوری بڑا مسئلہ ہے، جس سے کراچی کو تقریباً 13 ارب روہے کا نقصان ہو رہا تھا۔ حال ہی میں ہونے والی بڑی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ آپریشن کا بڑا حصہ کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچ چکا ہے، جس میں رینجرز کی معاونت سے کارروائیاں کی گئی ہیں۔
آپریشن کے دوران غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس، پمپنگ اسٹیشنز، کنکشنز اور ٹینکر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی بہتر ہوئی ہے۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد 163 ہے۔