اسرائیلی بمباری میں فلسطین کی قومی والی بال ٹیم کے 2 کھلاڑی بھی شہید

572

غزہ:اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی  پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ مہاجر کیمپ اسپورٹس کلب کے اطراف میں موجود 12 گھروں پر  فضائی حملے میں 31 افراد  مزید شہید کردیے، شہید ہونے والوں میں فلسطین کی قومی والی بال ٹیم کے 2 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  مہاجر کیمپ اسپورٹس کلب کے اطراف کے گھروں پر اسرائیلی بمباری کے بعد امدادی ٹیموں اور عام شہریوں  نے 31  شہیدوں  کی لاشوں کوملبے سے نکال لیا ہے، زخمیوں کو نکال کر قریبی عارضی اسپتال میں منتقل کیا جارہاہے،  31 شہید ہونے والے فلسطینیوں میں قومی والی بال ٹیم کے کھلاڑی حسن  زائتر اور ابراہیم قیسہ کی لاش بھی  شامل ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جارحیت گزشتہ 40دنوں سے جاری ہے، جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، شہیدہونے والوں میں ایک بڑی تعداد معصوم بچوں ، خواتین اور بزرگ حضرات کی ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے صہیونی فوجیوں نے کئی اسپتالوں کو نشانہ بنایا ہوا ہے،   الشفا اسپتال میں لاشوں کے ڈھیر لگ گئے، مسلسل بمباری سے تدفین میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

دوسری جانب مصر  نے رفح سرحدی چوکی کو بند نہیں کیا مگر اسرائیل امدادی  سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، مصری امور خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے  بتایا کہ  رفح سرحد بند ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،کشیدگی کے آغاز سے اب تک رفح سرحد کھلی ہے،مگر اسرائیلیوں کی جانب سے رکاوٹوں کا سلسلہ جاری ہے۔