اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف 5 سال پرانی توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف 5 سال قبل 2018ء میں عدلیہ کے خلاف تقریر کرنے پر توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کل 15 نومبر بدھ کے روز نواز شریف کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاز لسٹ جاری کردی ہے۔
واضح رہے کہ شہری عدنان اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست 2018ء میں دائر کی تھی، جس میں ان کی عدلیہ کے خلاف تقاریر کو بنیاد بنایا گیا تھا۔