اسلام آباد: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی خاندان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے جاری منی لانڈرنگ تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کی فیملی کے تمام بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 100 سے زیادہ کمپنی کھاتے اور ذاتی کھاتے منجمد کردیے ہیں۔ ان تمام کھاتوں میں مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے اور کرپشن کی رقوم جمع کروائی گئی ہیں۔
دریں اثنا عدالت نے پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، جس پر ایف آئی اے نے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروانے کے بعد انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا جائے گا۔