کراچی: شہر قائد میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن میں مزید 300 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف آپریشن کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
گزشتہ شب بھی ایس پی سہراب گوٹھ کی سربراہی میں الآصف اسکوائر اور اس کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران سیکڑوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، اس موقع پر ایسے تمام افراد جن کے کوائف مکمل تھے، کو رہا کر دیا گیا جب کہ کوائف مکمل نہ ہونے والوں کو کچھ وقت دیا جا رہا کہ وہ کوائف منگوا کر متعلقہ حکام کو چیک کرا دیں ، درست ہونے کی صورت میں انہیں رہا کر دیا جائے گا، ورنہ سلطان آباد کیمپ منتقل کیا جائے گا ۔
آپریشن میں لیڈیز پولیس اہلکار بھی بڑی تعداد میں حصہ لے رہی ہیں ۔ آپریشن کا سلسلہ 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا، اس دوران غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن میں تقریبا 500 فلیٹس ( گھروں ) کی تلاشی لی گئی اور تقریبا 300 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ۔
ایک خاندان کو غیر دستاویزی پایا گیا ، کوائف مکمل نہ ہونے پر مشتبہ افراد کو ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے۔