نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص کو مردہ قرار دیا گیا تھا، تاہم اس نے خود کو بالآخر زندہ ثابت کردیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی حکومتی محکمے کے ریکارڈ میں 19 برس سے ایک شخص کو مردہ قرار دیا گیا تھا، تاہم لال بہاری نامی شخص نے اب اپنی زندہ ہونے کی حیثیت حاصل کرلی ہے، تاہم اب حقیقتاً اس کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
لال بہاری بھارت میں ایسے افراد کو زندہ ہونے کی حیثیت دلوانے کے لیے عملاً کوششوں میں مصروف ہیں، جنہیں ریونیو کے سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دیا جا چکا ہے۔ انہوں ںے بتایا کہ میری جان کو خطرات لاحق ہیں، جس وجہ سے انہوں نے اے کے 47 رائفل کا باقاعدہ لائسنس بھی مانگ لیا ہے۔
لال بہاری کو اپنی موت کا اس وقت پتا چلا جب انہوں نے بینک لون کے لیے درخواست دی اور انہیں ریونیو ریکارڈ میں مردہ قرار دیا ہوا تھا۔ دراصل ان کے چچا نے ایک اہل کار کو رشوت دے کر اسے مردہ درج کرایا اور لال بہاری کی زمین اپنے نام کرلی۔
لال بہاری نے بتایا کہ میں چیف سیکرٹری سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے جدید رائفل کا لائسنس حاصل کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ مجھے اپنے لیے اور ان لوگوں کے لیے اپنی جدوجہد کی وجہ سے جان کو خطرہ ہے جو زندہ ہیں لیکن سرکاری ریکارڈ میں مر چکے ہیں۔