واشنگٹن: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطینیوں کے مضبوط ایمان سے متاثر ہو کر امریکا کی معروف ٹک ٹاکر میگن رائس نے اسلام قبول کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی معروف ٹک ٹاکر میگن رائس کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خبر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور ان کے مسلمان ہونے کا سبب غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطینیوں کے عزم و استقلال کے ساتھ حق پر ڈٹے رہنے کو قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاکر میگن رائس نے کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی نئی زندگی شروع کرنے پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایسے سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا نشانہ بنایا جو انہیں اسلام قبول کرنے کے فیصلے کے بارے میں ہوشیار رہنے کا کہہ رہے ہیں۔
امریکی ٹک ٹاکر نے ان تمام صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میرے ورلڈ ریلیجن بک کلب کا مقصد ہر کسی کو اسلام کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے بارے میں بھی آگاہ کرنا تھا اور میں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب میں نے اس مذہب کی تعلیمات کو اپنے ذاتی عقائد کے مطابق پایا۔