حماس کا یہی پیغام ہے آخری وقت تک اسرائیل سے لڑیں گے، سراج الحق

676
Gaza march

سیالکوٹ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حماس جنگ جیت چکی اسرائیل ہار چکا ہے،اہل غزہ کی 25 لاکھ کی آبادی اسرائیل بربریت کے سامنے سیسہ پلائی کی دیوار ثابت ہوئی ہے،مجاہدین کے امام اسماعیل ہنیہ کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے امریکا ،اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا ہے۔

سیالکوٹ کالج گروانڈ میں لبیک فلسطین یوتھ کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ مسجد اقصیٰ ،قبلہ اول ارض فلسطین کو بچانے کا یہی وقت ہے، ساری دنیا کی شیطانی قوتیں غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر تلی ہوئی ہیں لیکن میں حماس کے سربراہ کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے امت مسلمہ کو پیغام دیا ہے کہ ہم آخری وقت اور آخری گولی تک اسرائیل سے لڑیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  58 مسلم ممالک کے حکمران جاگ جائیں، مسلم ممالک کا اسلحہ کس کام کا ہے ان کی جہاز،ٹینک ،میزائل کس دن کام آئیں گے کیا یہ حکمران اس دن کا انتظار کر رہے ہیں کہ غزہ لاشوں کا ڈھیر کا ملبہ بن جائے اہل غزہ و فلسطینی عوام کے ہر طبقہ نے اسرائیلی ٹینکوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر ملت اسلامیہ کی میراث جدبہ جہاد کی یاد تازہ کر دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں او آئی سی کا سربراہی اجلاس ہوا لیکن امریکی خوف کی وجہ سے حماس کے نمائندے کو مدعو نہیں کیا گیا اور او آئی سی کے اجلاس میں مطالبہ بھی امریکہ،برطانیہ،اسرائیل ،فرانس سے کیا گیاجو غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں، خواتین، بھوڑوں، جوانوں کے قاتل ہیں۔