لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قطر میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی اس موقع پر حماس کی مرکزی قیادت اورجماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو غزہ کی موجودہ صورت حال پر مکمل بریفنگ دی،اسماعیل ہانیہ نے سراج الحق کی ملاقات میں کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنے پر ہم جماعت اسلامی اورپاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسماعیل ہانیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری پاکستان قوم اور امت مسلمہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے، سراج الحق نے اسماعیل ہانیہ کو19 نومبر لاہور میں تاریخی غزہ مارچ میں خطاب کی دعوت دی۔
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق چھ روزہ دورے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں انہوں نے اپنے چھ روزہ دورہ میں ایران،ترکیہ اور قطر کا دورہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی تہران میں رہبر ایران کے مشیر برائے امور خارجہ آیت اللہ آغا قمی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ترک پارلیمنٹ کے سپیکر نعمان قرتولموش سے ملاقات ہوئی غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،سراج الحق نے غزہ کو بچانے کے لیے ترکیہ سمیت مسلم ممالک کی حکومتوں کے مشترکہ کردار پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے استنبول میں فلسطین مارچ سے خطاب کیاامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کیںسراج الحق نے ترکیہ میں سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی۔