کراچی سے 80 بھارتی ماہی گیر رہا، واہگہ بارڈر سے واپس بھیجا جائے گا

554

کراچی: ملیر جیل میں قید 80 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا ہے، جنہیں واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ کیا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جیل سے رہا کیے گئے  80 بھارتی ماہی گیروں کو سخت سیکورٹی میں کینٹ اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں سے علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے انہیں لاہور روانہ کیا جائے گا اور واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس بھیجا جائے گا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سعد ایدھی کے مطابق ملیر جیل سے رہا کیے گئے بھارتی ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات  ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی ماہی گیروں کو ضروری رقم، کپڑے اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔