اسموگ: لاہور  دنیا کا آلودہ ترین شہر  قرار

395

 لاہور: اسموگ کی شدت مزید بڑھنے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی سرفہرست  میں آگیا، حکومت نے 9 سے  12 نومبر تک ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 452 ریکارڈ کی گئی ہے، شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے اور موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا تاہم 9 اور 10 نومبر کو شہر میں بارش کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ  پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت کے پیش نظر لاہور ڈویژن سمیت مخصوص اضلاع میں 4 روز کے لئے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی، پابندیوں کا اطلاق 9 سے اتوار 12 نومبر تک ہوگا۔

 گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ میں بھی دفعہ 144 نافذ رہے گی، اس دوران تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر، سینما، پارکس اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے، مارکیٹیں ہفتے کو بند رہیں گی جبکہ بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلیں گے، بسیں اور ویگنیں چلتی رہیں گی۔