راولپنڈی: استحکا پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان کا ساتھ بڑی امیدوں کے ساتھ دیا تھا، مگر وہ وزیراعظم بنتے ہی بدل گئے۔
پارٹی کے ڈویژنل سیکرٹریٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ روایتی پارٹیوں کو چھوڑ کر نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگانے والے رہنما کے پیچھے چلے تھے، مگر وہ وزیراعظم بنے تو توقعات ٹوٹ گئیں، جس پر بہت افسوس ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر بہت بات کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں آگےدیکھنا ہے، مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ہم ملک کے لیے بہت کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہم پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہوگا، بے روزگاری ختم ہوگی، دیانت دار قیادت ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوشی کی امید ہیں۔ ابھی ابتدا ہے۔
دریں اثنا آئی پی پی کے صدر علیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ڈی سی تین کروڑ اور کمشنر پانچ کروڑ میں لگایا جاتا تھا۔ اس دور کا میرٹ بزدار تھا، جسے پڑھنا بھی نہیں آتا تھا۔