اسلام آباد:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق استعفی منظور نہ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف پھٹ پڑے۔
انضمام الحق نے کہا کہ بورڈ کو میرے وکیل نے ای میل کی کہ ہمیں بلایاجائے،ہمیں نہ بلایا جارہا ہے اور نہ ہی ای میل کا جواب دیا جا رہا ہے، ٹی وی سے پتا چلا کہ میرا استعفی قبول نہیں کیا گیا،استعفی قبول نہ ہونے کا بورڈ والوں نے نہیں بتایا، بورڈ والے اب بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سابق چیف سلیکٹر نے ذکا اشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بورڈ 4 ماہ کے لیے آئے تھے لیکن اب مزید 3 ماہ کی توسیع ملی ہے، پی سی بی چیئرمین توسیع لے کر کوشش کرتے ہیں کہ اپنی گند دوسروں پرڈال دیں۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل انضمام الحق کا ایک کمپنی کے ساتھ شیئرہولڈرہونیکا معاملہ سامنے آیا تھا تاہم انضمام الحق کمیٹی کی تشکیل سے پہلے ہی چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، بعد ازاں پی سی بی نے ٹیم کے انتخاب کے عمل اور مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔