اسلا م آباد: پاکستان سے چین کے لیے برآمدات میں رواں مالی سال تیز اور مسلسل اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کی جانب سے چین کو برآمدات میں چوتھے ماہ مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
گوادر پرو کے مطابق اکتوبر میں پاکستان کی چین کو برآمدات کا حجم 321.3 ملین ڈالر رہا جو اکتوبر 2022 کے دوران ریکارڈ کردہ 203.3 ملین ڈالر کے مقابلے میں 58 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر 2023 میں پاکستان کی چین کو برآمدات 100.5 فیصد اضافے کے ساتھ 350.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 174.7 ملین ڈالر تھیں۔
اسی طرح اگست 2023 میں پاکستان کی چین کو برآمدات 211 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 116.2 ملین ڈالر کے مقابلے میں 81.6 فیصد اضافے کے ساتھ امید افزا رجحان ظاہر کرتی ہیں۔
مالی سال 2023-24کے پہلے ماہ جولائی میں پاکستان کی چین کو برآمدات میں 35.1 فیصد کا اضافہ ہوا جو جولائی 2022 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے جہاں برآمدات کا حجم 124.7 ملین ڈالر رہا۔
مالی سال 2023-24کے پہلے 4 ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو مجموعی برآمدات 1,051 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 618.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 69 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر مالی سال 2023-24کے دوران دنیا بھر کے تمام ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 9,617 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ریکارڈ کیے گئے 9554 ملین ڈالر کے مقابلے میں 0.66 فیصد زیادہ ہے۔