زرداری، نواز شریف رابطے کی خبر پرانی ہے، وفاق میں حکومت بنائیں گے، بلاول

462
intervention

کراچی: چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے سے متعلق خبر پرانی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی، صوبائی اور وفاق میں حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

شہر قائد میں  میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے نتیجے سے یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کی حمایت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار عوام پاکستان کا وزیراعظم لاہور سے منتخب نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والا بلدیاتی الیکشن فروری میں ہونے والے عام انتخابات کا ٹریلر ہے۔ اس میں ہم ایسے وقت میں کامیاب ہوئے ہیں جب ہم حکومت میں نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت ہی ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کر سکتی ہے۔ پاکستان کو مہنگائی سمیت دیگر درپیش مسائل کا حل پیپلز پارٹی ہی کے پاس ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان رابطہ نئی بات نہیں، یہ پرانی خبر ہے۔ ہم اپنے پارٹی منشور پر عمل کرتے ہوئے چل رہے ہیں، ہمارے دروازے تمام پارٹیوں کے لیے کھلے ہیں۔ ہم بلدیاتی اور صوبائی ہی نہیں، وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے اور 8 فروری کے عام انتخابات میں ثابت ہو جائے گا کہ کامیابی صرف تیر کو ملے گی۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث افراد کے لیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔