نئی دہلی: پاکستانی کرکٹ ٹیم حالیہ ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کے ریکارڈ میں نمبر ون پوزیشن پر ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم نے کیچ پکڑنے میں اچھی کارکردگی دکھائی، جس کے مطابق پاکستانی فیلڈرز نے ورلڈ کپ کے 7 میچوں کے دوران مجموعی طور پر 37 میں سے 31 کیچ پکڑے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے حالیہ میگا ایونٹ کے دوران 2 کیچ ایسے ڈراپ بھی ہوئے، جس کی وجہ سے ٹیم کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور میچ کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا۔
Pakistan at the top in catch efficiency in World Cup 2023. pic.twitter.com/d6bKICYsWL
— Johns. (@CricCrazyJohns) November 2, 2023
اہم 2 کیچ چھوڑنے والوں میں ایک امام الحق شامل ہیں، جنہوں نے سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس کا کیچ صرف 18 رنز پر چھوڑا، جس کے بعد کوشل مینڈس نے 123 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ اسی طرح اسامہ میر نے بھی صرف 10 رنز پر ڈیوڈ وارنر کا کیچ چھوڑا، جس کے بعد انہوں نے 150 رنز اسکور کیے۔
ریکارڈ کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کے کیچ پکڑنے کا تناسب سب سے زیادہ یعنی 86 فی صد ہے جب کہ فیلڈرز نے 6 کیچ چھوڑے۔ دوسری ٹیموں میں نیدر لینڈز 85 فی صد کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جب کہ ورلڈ کپ کی میزبان بھارتی ٹیم، انگلینڈ اور جنوبی افریقا نے 81 فی صد کیچ پکڑے ہیں۔