خدیجہ شاہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

1068

لاہور: خدیجہ شاہ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق جوڈیشل کورٹ نے خدیجہ شاہ سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں ایف آئی اے کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا عدالت نے مسترد کرتے ہوئے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے خدیجہ شاہ کو جیل سے حراست میں لینے کے بعد جج عمران عابد کے روبرو پیش کیا، جہاں ایف آئی اے کی جانب سے خدیجہ شاہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی کو ملزمہ نے اشتعال انگیز ٹوئٹ کیے تھے جو اب تک ری ٹوئٹ کیے جاتے ہیں۔

دوران سماعت ملزمہ خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ 5 مہینے سے  جیل میں قید ہیں، کیا وہاں سے ٹوئٹ کررہی ہیں؟۔  سینئر وکیل کی ہائی کورٹ میں مصروفیت کی وجہ سے کیس کو انتظار میں رکھا جائے، جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں جوڈیشل کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی اے کی خدیجہ شاہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور انہیں 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔