سائفر کیس: عمران خان نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی

440

اسلام آباد: عمران خان نے سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کردی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے درخواست میں مقدمے کے مدعی نسیم کھوکھر اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سائفر کیس سابق وزیر اعظم کے خلاف سیاسی مقدمات کی ایک کڑی ہے، ٹرائل کورٹ یہ سمجھنے میں ناکام رہی ہے۔ درخواست ضمانت آئین کے آرٹیکل 185 کے تحت دائر کی گئی ہے، اس مقدمے میں وزارت داخلہ کے ماتحت ایف آئی اے کی بدنیتی صاف ظاہر ہے، سائفر اور فارن فنڈنگ مقدمات ایف آئی اے کی بدنیتی کو صاف ظاہر کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزم کو مقدمے میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔