اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ عمران خان بلاشبہ مقبول لیڈر ہیں اور میں دل سے ان کی عزت کرتا ہوں۔
میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تحمل سے کام لینا چاہیے تھا۔ میری خواہش تھی کہ میں تمام سیاست دانوں کو ایک ساتھ بٹھاتا انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان بھی ہوگا۔
اتوار کے روز انتخابات کی تاریخ مقرر نہ ہونے کے سوال پر چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا کہ چلیں اس بہانے سے طلبہ کو ایک اور چھٹی مل جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت نے ملاقات سے انکار نہیں کیا تھا بلکہ نہ ملنے کا فیصلہ خود الیکشن کمیشن کا تھا۔ ہم نے مشاورت عدالت کے حکم پر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت سے ملاقات میں 8 فروری ہی کو انتخابات پر اتفاق ہوا ہے اور اس سے پہلے بھی فروری کے مہینے میں انتخابات ہوئے ہیں۔ ہمارے لیے تمام ادارے قابل احترام ہیں۔ الیکشن کمیشن ہمیشہ اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔