الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے، سراج الحق

549
Gaza march

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔ 2018ء کے قومی انتخابات میں طاقتور طبقات کی جانب سے ایک پارٹی کو مواقع فراہم کیے گئے، یہ تاثر اب پھر قائم ہو رہا ہے، الیکشن سے قبل انھیں متنازعہ بنانے سے اجتناب کیا جائے۔

سراج الحق نے کہاکہ  انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملنے چاہییں،ابھی سے دھاندلی کی بنیادیں رکھ دی گئیں تو نتائج کوئی قبول نہیں کرے گا، مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔

امیر جماعت نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کی مدد کے لیے حکمرانوں کے ضمیر جگانے کی جدوجہد جاری رہے گی، 12نومبر کو سیالکوٹ اور 19نومبر کو لاہور میں تاریخی غزہ مارچز کا انعقاد کیا جائے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، نگران حکومت اپنی حقیقی ذمہ داری کے علاوہ تمام دیگر امور میں دلچسپی لے رہی ہے، آئے روز مہنگائی کاطوفان برپا کردیا جاتا ہے، بجلی پٹرول کے بعد گیس کی قیمت میں بھی 194فیصد اضافہ کردیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ  عوام کے لیے سانس لینا دشوار ہوگیا ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نگرانوں کا مینڈیٹ نہیں، فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، مہنگائی کے خلاف تحریک جاری رہے گی۔ موجودہ حکمرانوں نے فلسطین پر بھی قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی نہیں کی۔