قومی سیاست کو غلامانہ ذہنیت اور خاندانوں کے تسلط سے آزاد کرانا ہوگا، سراج الحق

373
imposed

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ زوال اور جمود کے خاتمے کے لیے قومی سیاست کو غلامانہ ذہنیت اور خاندانوں کے تسلط سے آزاد کرانا ہوگا، اقتدار پر مسلط رہنے والی پارٹیوں کی سیاست کی عمارت دولت کی بنیادوں پر استوار ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ  ملک سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے، شفاف الیکشن نہ ہونے کی صورت میں مزید افراتفری پھیلے گی،پولنگ اسٹیشن آزاد ہواتوجماعت اسلامی آگے آئے گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ فلسطین پر قوم کی حقیقی ترجمانی نہیں کی، امریکا کھل کراسرائیلی جارحیت کی حمایت کررہا ہے ،امت مسلمہ کے حکمران خوفزدہ ہیں، صیہونی عزائم کوغزہ میں شکست نہ ہوئی تو یہ اژدھا بن کر پڑوسی ممالک کو بھی نگل لے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل پاکستان کو سب سے بڑا دشمن سمجھتا ہے۔منصورہ میں سوشل میڈیا ایکٹیویٹس، یوٹیوبرز، پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا صحافیوں کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکا سے مسئلہ فلسطین پر قومی بیداری پیدا کرنے، حکمرانوں کو جگانے اور عالمی سطح پر رائے عامہ کی ہمواری میں بھرپور کردار اداکرنے کی اپیل کی۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا غزہ کی صورت حال پر مسلسل پروپیگنڈہ کررہا ہے، سماجی رابطوں کے تمام پلیٹ فارمز پر اہل فلسطین اور مظلوم کشمیریوں کے حق کے لیے آواز بلند کرنے پر بھی ایک قسم کی پابندی ہے، سوشل میڈیا حقیقی معنوں میں طاقتور عالمی لابیز کے کنٹرول میں ہے۔