جسٹس عرفان سعادت عدالت عظمیٰ کے جج مقرر

260

اسلام آباد: جسٹس عرفان سعادت کو عدالت عظمیٰ کا جج مقرر کردیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت قانون و انصاف کی جانب سے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عرفان سعادت کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 29 ستمبر کو جسٹس عرفان سعادت کی بطور قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

جسٹس عرفان سعادت کے عدالت عظمیٰ میں بطور جج تقررسے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ رواں برس 7 جولائی کو جسٹس مسرت ہلالی نے سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی کا حلف لیا تھا۔

سپریم کورٹ میں ایک جج کی اسامی ابھی خالی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں ایک اور جج کی تعیناتی کے لیے جلد ہی جوڈیشل کمیشن اجلاس طلب کیا جائے گا۔ جوڈیشل کمیشن اپنے 28 ارکان سے ججز تعیناتی معاملے پر تجاویز بھی طلب کرچکا ہے۔