اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا، سراج الحق

582
Gaza march

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا، اسلام آباد کا تاریخی غزہ مارچ پاکستانی قوم کا امریکا کے لیے پیغام تھا، واشنگٹن صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کی سرپرستی بند کرے۔

سراج الحق نے کہاکہ  امت مسلمہ بے چین ہے ،اسرائیل مہذب دنیا کے تمام قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، اسے نہ روکا گیا تو آگ و خون کا کھیل ہرطرف پھیل جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ   مغرب و امریکا کی کئی حکومتیں اپنی عوام اور انسانی حقوق کے اداروں کی بھی نہیں سن رہے، اسرائیلی مظالم کے خلاف بولنے والوں کی زبان بندی کی جارہی ہے، مغربی میڈیا کا ظلم کے خلاف پروپیگنڈا جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  عالمی اسٹیبلشمنٹ ایسا کھیل نہ کھیلے جس سے دنیا کا امن برباد ہوجائے، مسلمانوں کا خون ارزاں نہیں۔ فلسطینی عوام گزشتہ ستر برسوں سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، لاکھوں انسانوں کو قید نہیں رکھا جاسکتا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضہ اور مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ نگران حکومت بھی سابقہ ادوار اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا، لوگوں کے لیے پیٹ پالنا مشکل، ہردوسرا تیسرا شخص پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہے، بجلی گیس کے بلز، پٹرول ڈیزل کی قیمتیں، ادویات کے نرخ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا۔