غزہ میں لوگ جل رہے ہیں دنیا مجرمانہ طور پر خاموش ہے، سراج الحق

359
imposed

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں لوگ اور بچے جل رہے ہیں دنیا مجرمانہ طور پر خاموش تماشائی بنی ہے۔

منصورہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق  نے کہا کہ فلسطینی بچوں کو کس جرم میں قتل کیاجارہا ہے؟ غزہ پر 6 ہزار سے زیادہ بم برسائے گئے، غزہ کے لوگ اور بچے جل رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   اس جرم عظیم کے باوجود دنیا سو رہی ہے، اقوام متحدہ کی این جی او سیو دا چلڈرن کہاں ہے؟ سلامتی کونسل، یو این او کہاں ہیں؟ آج ساری دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ   بڑی طاقتوں نے اسرائیل کو قتلِ عام کا لائسنس دیا ہے، ان حالات میں مسلم امہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ کو بچانے کیلئے آگے بڑھے، بیانات، قراردادیں، مذمتی بیانات اسرائیلی ٹینکوں کو نہیں موڑ سکتے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ہم مسلمان، مسجد اقصی کے محافظ ہیں، قبلہ اول کے پاسبان ہیں، ہم 29اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے غزہ مارچ کر رہے ہیں۔