اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے پی ٹی آئی کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی اتحاد بنانے پر گفتگو کی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں اسد قیصر،علی محمد خان اور بیرسٹر سیف موجود تھے۔ اہم ملاقات میں فریقین کے مابین پی ڈی ایم جیسا سیاسی اتحاد تشکیل دینے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ اس میٹنگ میں عمران خان اور پارٹی کی حمایت شامل تھی، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کوئی سیاسی ملاقات تھی اور نہ ہی اس دوران سیاست سے متعلق کوئی بات زیر غور آئی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ملاقات کا مقصد مولانا فضل الرحمٰن کی خوش دامن سے انتقال پر تعزیت کرنا تھا۔ اسد قیصر نے کہا کہ آئندہ ملاقاتیں ہوں گی یا نہیں، اس سے متعلق تو وقت ہی بتائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی نجی ٹی وی پر بتائی گئی، جس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمٰن کے مابین ہونے والی ملاقات میں آئندہ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کے علاوہ پی ڈی ایم جیسے ایک نئے سیاسی اتحاد کی تجویز پر بات ہوئی۔