صنعتی ایریا کاتمام لینڈ ریکارڈ فوری کمپوٹرائزڈ کیا جائے، یونس ڈاگھا

397
immediately

کراچی: (اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر صنعت و تجارت یونس ڈاگھا نے سائٹ لیمٹڈ کا دورہ کیا۔ ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر علی قادری نے انہیں صنعتی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر سیکریٹری انڈسٹریز رشید سولنگی اور سیکریٹری سائٹ سید محمد افضل بھی موجود تھے۔نگراں وزیر صنعت کو لاڑکانہ اسپیشل صنعتی زون کے حوالے سے تفصیلات بتائی گئیں۔

وزیر صنعت یونس ڈھاگا نے سائٹ لمیٹڈ کی واجبات کی وصولی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا بریفنگ میں انہیں سائٹ کراچی میں جاری پروجیکٹس، سڑکوں کی تعمیرات، سندھ بھر میں جاری میگا پروجیکٹس اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اے ڈی پی اسکیموں کے حوالے سے درپیش امور بھی زیر غور آئے۔

وزیر صنعت و تجارت یونس ڈاگھانے کہا کہ صنعتوں کا تمام لینڈ ریکارڈ فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے اور صنعتی زمینوں کی منتقلی نقشہ جات کی منظوری تعمیرات کی اجازت اور دیگر امور سے متعلق تمام ڈیٹا مرتب کیا جائے۔

انہوں نے افسران کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ کراچی میں صنعتوں کو پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سائٹ کے غیر فعال پمپنگ اسٹیشنز کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور نالوں پر قائم تعمیرات فوری طور پر ختم کی جائیں۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقے میں اسٹریٹ لائٹ تنصیب اور گرین بیلٹس کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام صنعتی اسٹیٹس میں نجی و سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی تیز کی جائے۔

وزیر صنعت و تجارت یونس ڈاگھا نے صنعتی علاقے میں پانی کی قلت دور کرنے سے متعلق فوری طور پر اقدامات کی ہدایات کیں۔انہوں نے نوری آباد صنعتی ایریا سمیت سندھ بھر میں صنعتی زمینوں پر قبضوں، ایک صنعتی پلاٹس دو دو الاٹیز کو دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور دیگر صنعتی امور پر بھی غور کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

علاوہ ازیں وزیر صنعت و تجارت نے سائٹ لمیٹڈ کے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے علیحدہ ملاقات کی اور تفصیلات معلوم کیں۔

یونس ڈھاگا نے سائٹ کراچی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔