دبئی سے کراچی پہنچی خاتون کا لاکھوں  مالیت کا سامان کسٹم ایکٹ کے تحت ضبط

569

کراچی:دبئی سے کراچی پہنچنے والی ایک خاتون کا 96لاکھ روپے مالیت کا سامان جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر کسٹمز ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا گیا، ضبط کیا گیا سامان اسمگلنگ شدہ ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق ائیرپورٹ پر کسٹمز کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے الیکٹرانکس کے سامان کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی،خاتون مسافر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچی تھیں۔

کسٹم کلیکٹریٹ کے انٹر نیشنل آرائیول پر تعینات عملے نے خاتون مسافر کو گرین چینل پر روکا اور تلاشی لی توخاتون کے سامان سے 4عدد قیمتی آئی فون، 2میک بک ایپل، 8قیمتی اسمارٹ واچز، 25قیمتی ہینڈ بیگ، کاسمیٹک کا قیمتی سامان برآمد کیا گیا۔

کسٹم حکام کے مطابق خاتون مسافر کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے،  اسمگلنگ کا تمام سامان ضبط کرلیا گیا ہے۔