راولپنڈی: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ 29اکتوبرکواسلام آباد میں عظیم الشان الاقصیٰ غزہ فلسطین مارچ ہوگا جس کی قیادت امیرجماعت سراج الحق سمیت سیاسی وقومی قائدین کریں گے۔
فلسطین مارچ کے سلسلے میں منعقدہ پلاننگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے غزہ میں ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے، معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام،اسپتالوں،مساجد،گرجاگھر وں،اسکولوں سمیت آبادیوں پر بارود اورکیمیکل کی بارش کی جارہی ہے۔ ان ظالموں کاہاتھ روکنے کے لیے امت مسلمہ کو آگے بڑھنا ہوگا۔
اس موقع پر مرکز ی نائب امیرمیاں محمداسلم،امرائے صوبہ پروفیسرمحمدابراہیم خان وڈاکٹرطارق سلیم،صوبائی سیکرٹریزجنرل عبدالواسع،اقبال خان،امرائے اضلاع نصراللہ رندھاوا،سیدعارف شیرازی،صدرجے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر،رضااحمدشاہ،زبیرصفدر، انعام الحق اعوان،ملک عمران خان،شیخ مسعوداحمد ودیگرذمے داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کو ایونٹ کی انتظامی کمیٹی کا سربراہ مقررکیا۔ عبدالواسع،اقبال خان،نصراللہ رندھاوا،سیدعارف شیرازی،زبیرصفدراوررسل خان بابرکمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
امیرالعظیم نے کہاکہ مسلم حکمرانوں میں معمولی غیرت بھی باقی نہیں کہ وہ امریکا کی بغل بچہ ناجائزریاست اسرائیل کو لگا م دے سکیں۔ عالمی دہشت گرد امریکا کوروکنے کے لیے پاکستانی عوام کواپنا کرداراداکرنا ہوگا۔ 29اکتوبر کو مردوخواتین،بزرگ اور بچے اسرائیلی کی غزہ پر جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں حکمرانوں اور دنیابھرکے سفیروں کو جگانے کے لیے اپنا کرداراداکریں گے۔