اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عدالت کسی کے الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی لگادے تو تسلیم کرنا ہوگا،کوئی کہے پارلیمنٹ کو آگ لگاؤں گا اور سیاست کا چمپیئن بھی بنے یہ نہیں ہوسکتا۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا کسی بھی رجسٹرڈ جماعت کا حق ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے،پاکستان سی پیک کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، سی پیک منصوبوں کی رفتار تیز ہونے سے معاشی و معاشرتی ترقی میں بہتری آئے گی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کا اہم دورہ کیا جس میں اہم پیشرفت ہوئی، چین کی حکومت، عوام، میڈیا اور تھنک ٹینکس کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا، چین کے ساتھ ہماری ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی دوستی ہے، اس فریم ورک میں رہتے ہوئے مفید اور تعمیری بات چیت ہوئی، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو چین کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر کسی پارلیمنٹیرین کی دوہری شہریت ہے تو یہ معاملہ سپریم کورٹ لے جائیں، بغیر تحقیق الزام تراشی یہاں کلچر بن چکا ہے۔