تربت میں 5 مزدوروں کے قتل پر حکومت خاموش کیوں؟ سراج الحق

534
worst governance

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تربت میں پانچ مزدوروں کو بے دردی سے شہید کیا گیا اس افسوسناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حیرانگی ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کہاں ہے؟

شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے شہید مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت  کرتے ہوئےسراج الحق نے کہاکہ  21 اکتوبر اگر ایک خاندان کے لیے مختص کیا جاسکتا ہے تو میں سمجھتا ہوں 22 نومبر ان شہداء کے نام کیا جائے۔ یہ مزدور پنجاب، سندھ اورکے پی سے بلوچستان محنت مزدوری کے لیے جاتے ہیں اور یہ آج سے نہیں عرصہ سے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  یہ مزدور وہاں ڈاکا ڈالنے،چوری یا لوٹ مار کے لیے نہیں جاتے بلکہ محنت مزدوری اور رزق حلال کے لیے جاتے وہاں سے بے گناہ مزدوروں کی لاشیں آنا ظلم ہے، جماعت اسلامی بلوچستان اور پورے ملک میں امن چاہتی ہے ہم اس ظلم کے خلاف بھر پور آواز آٹھائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  حکومت بلوچستان فوری طور ان خاندانوں کو انصاف فراہم کرے، حیرت ہے کہ ابھی تک نہ وزیراعظم نہ وزیر اعلی ٰ اور نہ ہی گورنر اس لیے یہاں نہیں آئے یہ کمزور لوگ تھے،وزیر اعظم جن کا اپنا تعلق بلوچستان سے ہے چیف جسٹس آف پاکستان کا تعلق بلوچستان سے ہے۔