کراچی: غزہ پر اسرائیلی حملے اور صہیونی ریاست کی مسلسل بم باری سہنے والے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی میں دفاع فلسطین خواتین و اطفال ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں سیکڑوں کی تعدد خواتین و بچوں سمیت سیاسی،سماجی اور سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ریلی میں مظاہرین خواتین و بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ و بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس پر مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو، اسرائیل نا منظور، امریکا مردہ باد کے نعرے درج تھے۔
مظاہرین اسرائیل وزیراعظم نتن یاہو کا پتلا بھی بنایا ہوا تھا جیسے ریلی کے اختتام پر جلا دیا گیا۔شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر فلسطینی مزاحمت کی جوابی کاروائی نے دنیا کے سامراجی طاقتوں کی نیندوں کو حرام کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے۔پاکستان کی مائیں، بہنیں، بچے فلسطینی ماؤں بہنوں اور بچوں کا درد محسوس کر رہے ہیں۔ اس ظلم کے خلاف ہم آواز بنے ہوئے ہیں۔آج دنیا بھر کی طرح پاکستان میں احتجاج کر رہے ہیں۔