اسرائیلی بمباری کی مذمت، فلسطینیوں سے یکجہتی، جماعت اسلامی کے کراچی میں 100 سے زائد مظاہرے

445

کراچی: غزہ پر اسرائیلی بم باری کی مذمت اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں 100 سے زائد احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی اور فلسطینیوں و حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر بھر میں 100 سے زائد احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور فلسطین ریلیف فنڈ بھی جمع کیا گیا۔

مظاہرے شہر کے تمام اضلاع میں مساجد کے باہر اور اہم مقامات پر کیے گئے،جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امریکا و دیگر مغربی ممالک کی سرپرستی میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہارکیا گیا۔ مظاہرین نے بینزر اور پلے کارڈز اُٹھا کر احتجاج کیا اور پُر جوش نعرے لگائے۔

دریں اثنا جامع مسجد خضرا کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، سابق رکن سندھ اسمبلی و امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اہل فلسطین کی مالی امداد کیجیے،حکمران اور آرمی چیف فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دیں۔ 40ممالک کی مشترکہ افواج آخر کس کے لیے ہے؟۔ آرمی چیف قدم بڑھائیں،امت مسلمہ کی نمائندگی اور فلسطین کی مدد کریں۔ احتجاج کے شرکا نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف نعرے بھی لگائے

حافظ نعیم الرحمٰن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکا کی مذمت نہ کی جائے۔ ہم ملک کی تمام جماعتوں،حکمرانوں اور افواج کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دو ریاستی حل امت مسلمہ کو قبول نہیں ہے،جو دوریاستی حل کی بات کرے گا وہ امت مسلمہ کا غدار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں فلسطین اور اسرائیل کے حوالے سے اپنا ایجنڈا واضح کریں۔ ہم ایسی ریاست کو نہیں مانتے جس میں دنیا بھر کے صہیونیوں کو لاکر جمع کرکے ان کی ناجائز ریاست قائم کی جائے۔ جوبائیڈن اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہوکر یہ کہتا ہے کہ اسرائیل کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بمباری کرے۔

حافظ نعیم الرحمن نے سوال کیا کہ وزیر اعظم پاکستان بتائیں کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں؟40 ملکوں کی مشترکہ افواج اور عالم اسلام کے حکمران بھی بتائیں کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں؟ اسرائیل صرف نہتے مسلمانوں کو مار سکتا ہے۔اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کے نتیجے میں اسپتالوں میں لاشیں رکھنے کی جگہ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2006ء میں فلسطین کے انتخابات میں حماس نے اہل فلسطین کی واضح  نمائندگی حاصل کی۔ اکثرمسلم ممالک اور ان کی فوجوں کی خاموشی کے باوجود حماس کی تحریک مزاحمت اور اسرائیل کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔ امریکا وہ ملک ہے جس نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کا قتل عام کیا۔ اس نے عراق،افغانستان اور ویتنام میں قتل عام کیا۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ آج سراج الحق کی اپیل پر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے ملک کی طرح کراچی میں بھی مظاہرے کیے گئے ۔ 15اکتوبر کو جماعت اسلامی نے کراچی میں بڑا ملین مارچ کرکے اہل فلسطین سے ظہار یکجہتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مارچ کے بعد پوری دنیا سے مسلم تحریکوں نے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا  اور کراچی کے عوام کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر اظہار تشکر کیا۔