لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت

1149

لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق  نگراں  وزیراعلیٰ نے اچانک نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے منصوبے میں ہونے والی تاخیر کو اضافی مشینری اور مزدور  لگا کر دور کرکے منصوبہ جلد تکمیل کو پہنچایا جائے۔

علاوہ ازیں انہوں نے اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کے دورے کے موقع پر ترقیاتی کام کا معائنہ کیا  اور کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے ہزاروں شہریوں کو معمولات زندگی کے لیے آنے جانے میں بہت زیادہ سہولت ملے گی۔