پونے: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بنگلادیش کی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی شہر پونے میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت نے بنگلادیش کو باآسانی ہرا دیا، اس طرح بھارت نے عالمی ایونٹ میں مسلسل چوتھے میچ میں جیت حاصل کرلی ہے۔
ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 257 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارتی ٹیم نے 42 ویں اوور میں مکمل کردیا، اس دوران بھارت کے صرف 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 103 رنز بنائے جب کہ کے ایل راہول 34 رنز بنا کر پچ پر موجود تھے۔
ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت بھارت کے 8 پوائنٹس ہیں اور رن ریٹ کے لحاظ سے 1.659 کے ساتھ بھارت کی پوزیشن دوسرے نمبر پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹص ہیں اور اس کی پوزیشن رن ریٹ کے تناسب سے 1.923 ہونے کی وجہ سے نمبر ون ہے۔ اسی طرح جنوبی افریقا کے پوائنٹس 4 اور رن ریٹ کے حساب سے پوزیشن 1.385 کے ساتھ تیسری اور پاکستان کی 4 پوائنٹس ہونے کی وجہ سے 0.137 رن ریٹ ے ساتھ چوتھی پوزیشن ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، بنگلا دیش، نیدرلینڈز اور افغانستان 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ کے فرق سے پانچویں، چھٹے، ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ سری لنکا اپنے تینوں میچوں میں شکست کی وجہ سے تاحال کوئی پوائنٹس حاصل نہیں کر سکا، یہی وجہ ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا آخری نمبر پر موجود ہے۔