پاک چین شراکت داری کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں، نگراں وزیراعظم

427

بیجنگ: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکر نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین پر اندھا اعتماد ہے۔

چینی دارالحکومت بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے نگراں وزیراعظم کی ملاقات تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فارم کی سائیڈ لائن پر گریٹ ہال آف پیپل میں 140 ممالک کے سربراہان و وزرائے اعظم  کے درمیان ہوئی۔ اس موقع پر نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پورے عزم اور ثابت قدمی سے چین کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

 

اہم ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق نے چین کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان چین سے تعلقات کے حوالے سے صرف الفاظ سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے اپنا عزم ثابت کرتا ہے۔

دریں اثنا نگراں وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے اکاؤنٹ سے اس موقع پر تصاویر بھی شیئر کیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ پیپلز ہال میں چینی صدر سے ملاقات ہوئی، جس میں ہم نے کثیر الجہتی پاک چین تعلقات کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کی دسویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ قریبی تعلقات سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

دوسری جانب میزبان صدر شی جن پنگ نے نگراں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔